مرکز کا بڑا اعلان آمدنی ٹیکس آسان، جھنجھٹ ختم وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن
وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ مرکز ملک کے ٹیکس نظام کو آسان بنانے پر تیزی سے کام کر رہا ہے اور اب آمدنی ٹیکس کو شہریوں کے لیے تکلیف دہ یا تھکا دینے والا عمل نہیں رہنے دیا جائے گا۔ وہ آج نئی دہلی میں ایک نجی میڈیا ادارے کے لیڈرشپ سمٹ سے خطاب کر رہی تھیں۔
وزیرِ خزانہ نے واضح کیا کہ ٹیکس slabs کو مزید شفاف، آسان اور عوام دوست بنایا جائے گا تاکہ شہری بغیر کسی پیچیدگی کے اپنا ٹیکس جمع کر سکیں۔ ان کے مطابق حکومت کا مقصد ٹیکس نظام کو منصفانہ، سیدھا اور بہتر بنانا ہے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سہولت ملے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کا اگلا بڑا قدم کسٹمز نظام کی مکمل اصلاح ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کسٹمز ڈیوٹی میں مسلسل کمی کی گئی ہے اور اب حکومت اسے مزید شفاف اور آسان بنانے جا رہی ہے تاکہ تجارت میں رکاوٹیں کم ہوں اور کاروباری ماحول بہتر ہو۔
وزیرِ خزانہ نے اس تاثر کی تردید کی کہ درمیانی طبقے کی بچتیں کم ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ بچتیں سرمایہ کاری میں تبدیل ہو رہی ہیں، جو قومی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔



