چارمینار، شالی بندہ میں نکاسی آب کا مسئلہ برقرار، گندے پانی سے عوام پریشان

حیدرآباد کے چارمینار، شالی بندہ، قاضی پورہ اور ہمت پورہ کے رہائشی گزشتہ کئی مہینوں سے گٹر کے پانی کے اخراج سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ بارش ہوتے ہی نکاسی آب کا نظام ناکام ہوجاتا ہے، جس سے گندہ پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے اور بدبو، پھسلن اور بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارہا جی ایچ ایم سی اور واٹر بورڈ کے عہدیداروں کو شکایات درج کروانے کے باوجود مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔
ٹی ڈی پی کے اقلیتی ترجمان محمد احمد نے کہا کہ "جب بھی بارش ہوتی ہے، پانی سڑکوں پر جمع ہوجاتا ہے، جس سے لوگوں کو روزمرہ کے کام انجام دینے میں بڑی دشواری ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ عبادت گاہوں کے اطراف بھی گندا پانی پھیل جاتا ہے، جو مصلیوں کے لیے تکلیف دہ ہے۔”
رہائشیوں کے مطابق، گندے پانی کے ٹھہراؤ سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے، اور لوگ بدبو دار ماحول میں رہنے پر مجبور ہیں۔ کئی گھروں کے سامنے پانی جمع رہتا ہے جس سے آمد و رفت مشکل ہو گئی ہے۔
مقامی عوام نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس گندگی اور بیماری سے نجات مل سکے۔