ریونت ریڈی نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن دستاویز کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے اتوار کے روز تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی تیاریاں تیز کرتے ہوئے بھارت فیوچر سٹی میں انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ دو روزہ عالمی سمٹ 8 اور 9 دسمبر کو منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے سفارتکار، نمائندے اور سرمایہ کار شرکت کریں گے۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام انتظامات بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے جائیں اور کسی بھی نمائندے کو کسی طرح کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے خاص طور پر سخت سیکورٹی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بغیر پاس کے کسی کو بھی داخلہ نہ دیا جائے۔
سمٹ میں میڈیا، پولیس اور دیگر محکموں کے لیے بھی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود وقتاً فوقتاً ان انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
ریونت ریڈی نے افسران پر زور دیا کہ یہ عالمی سمٹ ریاستی حکومت کی دو سالہ کارکردگی اور عوامی حکومت کی کامیاب اسکیموں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔ پہلے دن ریاست کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ دوسرے دن تلنگانہ رائزنگ 2047 کا ویژن ڈاکیومنٹ جاری کیا جائے گا، جو ریاست کے مستقبل کا جامع خاکہ پیش کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو کہا کہ وہ اس بڑے عالمی ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کریں، آڈیو وڈیو پریزنٹیشنز تیار کریں اور عالمی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لیے جدید انداز اپنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف صرف مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
یہ عالمی سمٹ نہ صرف ریاست کی ترقی کا مظاہرہ کرے گا بلکہ تلنگانہ کے مستقبل کی سمت بھی متعین کرے گا۔



