تلنگانہ پر مانتھا کا قہر، موسلا دھار بارشوں سے عام زندگی مفلوج
تلنگانہ میں سمندری طوفان "مانتھا” نے بدھ کے روز سے تباہی مچادی، ریاست کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بھُوپال پلی، مُلُوگو، محبوب آباد، اور پیڈاپلی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں ہائی الرٹ برقرار ہے۔
سنگاریڈی اور آس پاس کے علاقوں میں شدید بارشوں سے روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوئی، سڑکوں پر پانی بھر گیا اور سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے اثرات مزید دو دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ حکام نے متعلقہ اضلاع میں بھاری سے بہت بھاری بارش اور تیز ہواؤں کی وارننگ دی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
اطلاعات کے مطابق 10 سے زائد موسمیاتی مراکز پر 30 سے 60 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ چوٹ اُپل میں سب سے زیادہ 60.5 ملی میٹر بارش ہوئی، اس کے بعد منچل (59.2)، سنگاریڈی (53.8)، کانڈی (48.0)، اور سادا سیو پیٹ (36.2) میں بارش ہوئی۔



