جذبات سے بھرا الوداع دھرمیندر کی آخری رسومات، فلمی دنیا اشکبار
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمندر انتقال کرگئے، ان کی عمر نواسی برس تھی۔ ممبئی کے پون ہنس شمشان گھاٹ میں ان کے آخری رسومات ادا کی گئیں جہاں فلمی دنیا کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
دھرمندر کچھ عرصے سے علالت اور عمر رسیدگی کے مسائل کا شکار تھے۔ انہیں بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، بعد میں گھر منتقل کر دیا گیا جہاں وہ خاندانی دیکھ بھال میں اپنی آخری سانس تک رہے۔
ان کے بیٹے سنی دیول اور بوبی دیول نے نم آنکھوں سے آخری رسومات انجام دیں۔ اہلیہ ہیما مالنی نے ہاتھ جوڑ کر میڈیا کا شکریہ ادا کیا جبکہ بیٹی عیشہ دیول غم کے ساتھ نظر آئیں۔
پوجا کرنے والے پنڈت آچاریہ بھوپندر شاستری نے بتایا کہ تمام رسومات مکمل طور پر ادا کی گئیں اور پورا خاندان موجود تھا۔
دھرمندر جی کا خلا کوئی پُر نہیں کر سکتا، وہ ملک کا قیمتی اثاثہ تھے۔
دھرمندر کو آخری الوداع کہنے کے لیے فلمی دنیا کی بڑی شخصیات پہنچیں۔ امیتابھ بچن، ابیشیک بچن، عامر خان، سیف علی خان، سلمان خان، شاہ رخ خان، گووندا، آریان خان سمیت کئی اداکاروں نے ان کی فنکارانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔



