روس کے تیل پر تعاون نہ ہوا تو بھارت پر ٹیکس میں اضافہ ممکن ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس کے تیل کے معاملے میں تعاون نہ کیا گیا تو بھارت سے درآمد ہونے والی اشیاء پر درآمدی ٹیکس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران ٹرمپ کے ان بیانات نے عالمی سطح پر تجارتی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ اگر بھارت روسی تیل کے معاملے پر امریکہ کا ساتھ نہیں دیتا تو سخت معاشی اقدامات ممکن ہیں۔ انہوں نے اس انتباہ کو دونوں ممالک کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات سے جوڑتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے سخت فیصلے لینے سے گریز نہیں کرے گا۔
ٹرمپ کے تازہ بیانات کے بعد بھارت اور روس کے درمیان توانائی تعاون پر ایک بار پھر کشیدگی کی بحث تیز ہو گئی ہے۔ یہ معاملہ پہلے بھی عالمی سیاست میں موضوعِ بحث رہا ہے، جہاں امریکہ نے روس پر دباؤ بڑھانے کی کوششیں کی ہیں۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی دعویٰ کر چکے ہیں کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے انہیں روس سے تیل کی خرید کم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم اس وقت بھارتی حکومت نے ان دعوؤں کو دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ اس نوعیت کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔



