تلنگانہ ہاسٹل واقعہ نشے میں چوکیدار کا پاؤں چاول میں
تلنگانہ کے سنگاریڈی میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا جہاں ایک نشے میں دھت چوکیدار ہاسٹل کے باورچی خانے میں چاول کے برتن میں پاؤں ڈال کر سو گیا۔ یہ واقعہ اسماعیل خان پیٹ کے ایک پولی ٹیکنک کالج کے ہاسٹل میں پیش آیا۔
طلبہ جب دوپہر کے کھانے کیلئے میس پہنچے تو انہوں نے چوکیدار شیکھر کو چاول کے بڑے برتن میں پاؤں ڈالے بے ہوشی کی حالت میں پایا۔ طلبہ اور کالج انتظامیہ نے اسے جگانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں جاگا۔ واقعے کے بعد انتظامیہ نے چوکیدار کو فوراً برطرف کردیا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر والدین اور طلبہ میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔
گڈوال ہاسٹل میں فوڈ پوائزننگ، 54 طلبہ بیمار
جوگلنبا گڈوال ضلع کے بی سی ہاسٹل میں ایک اور تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں 54 طلبہ رات کا کھانا کھانے کے بعد الٹی اور پیٹ درد کا شکار ہوگئے۔ ہاسٹل میں 140 میں سے 110 طلبہ موجود تھے، جن میں سے کئی کو رات 9 بجے کے بعد طبیعت خراب ہونے لگی۔
ہاسٹل اسٹاف اور مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایمبولنس کا انتظام کیا اور تمام متاثرہ طلبہ کو گڈوال سرکاری اسپتال منتقل کیا۔



