جیشَنکر اور افغان وزیر کی اہم ملاقات
نئی دہلی میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے افغانستان کے صنعت و تجارت کے وزیر الحاج نورالدین عزیزي سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، روابط اور عوامی تعلقات کو مضبوط کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں ڈاکٹر جیشَنکر نے واضح کیا کہ بھارت ہمیشہ افغان عوام کی ترقی اور فلاح کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے سے خطے میں استحکام اور خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے۔
افغان وزیر نورالدین عزیزي بدھ کے روز سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے۔ ان کے دورے کا بنیادی مقصد چابہار بندرگاہ کی صلاحیتوں کا بہتر استعمال کرنا اور بھارت کے ساتھ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔
افغان وفد نے انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے افغان تاجروں سے بات چیت کی اور بھارتی منڈیوں میں افغان مصنوعات کی رسائی بڑھانے پر زور دیا۔ یہ 2021 کے بعد پہلا موقع ہے جب کسی افغان وزیر نے آئی آئی ٹی ایف کا دورہ کیا۔
اس دورے کی اہمیت اس لئے بھی بڑھ گئی ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے سرحدی تناؤ کی وجہ سے تجارت شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے بعد افغانستان بھارت کے ساتھ تجارت میں تیزی لانا چاہتا ہے۔
بھارت سے افغانستان جانے والی اہم مصنوعات میں دوائیاں، مشینری، چائے، چاول اور ٹیکسٹائل شامل ہیں، جبکہ افغانستان سے زرعی اجناس اور معدنیات درآمد کی جاتی ہیں۔



