ٹرمپ کا انتباہ: اگر حماس نے جنگ بندی توڑی تو انجام تیز، سخت اور تباہ کن ہوگا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گروپ نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی تو اس کا انجام تیز، سخت اور تباہ کن ہوگا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کے کئی امریکی اتحادی ممالک نے انہیں یقین دلایا ہے کہ اگر حماس نے دوبارہ معاہدے کی خلاف ورزی کی تو وہ بھاری فوجی طاقت کے ساتھ غزہ میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے انہیں بتایا ہے کہ وہ "آپ کی درخواست پر حماس کو سیدھا کرنے کے لیے تیار ہیں”۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے ابھی تک ان ممالک اور اسرائیل کو روک رکھا ہے اور امید ظاہر کی کہ حماس “صحیح قدم اٹھائے گی”، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو “حماس کا انجام تیز، شدید اور تباہ کن ہوگا۔”
اس دوران اسرائیلی افواج نے الزام لگایا ہے کہ حماس نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملہ کیا، جس کے جواب میں اسرائیل نے غزہ پر بمباری کی۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے 153 ٹن بم حماس کے ٹھکانوں پر گرائے۔
دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسے تمام لاشوں کی واپسی میں مزید وقت اور تکنیکی مدد درکار ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ تمام یرغمالیوں کی واپسی تک جنگ بندی مکمل طور پر نافذ نہیں ہوگی۔



