راج ناتھ سنگھ براہموس میزائل پاکستان کے ہر حصے تک پہنچ سکتا ہے
بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پوری سرزمین براہموس میزائل کی پہنچ میں ہے اور جو کچھ آپریشن سندور میں ہوا وہ محض ایک جھلک تھی۔
انہوں نے یہ بات لکھنؤ میں براہموس ایروسپیس کی نئی فیکٹری سے پہلی کھیپ کے میزائلوں کی روانگی کے موقع پر کہی۔ ان کے ساتھ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ براہموس میزائل اب بھارت کی دفاعی طاقت کا ستون بن چکا ہے اور اس نے ملک کو یہ یقین دلایا ہے کہ بھارت اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، براہموس ایروسپیس نے سرورجنی نگر (لکھنؤ) میں قائم اپنے نئے انٹیگریشن اور ٹیسٹ یونٹ سے میزائل سسٹم کی پہلی پیداوار کامیابی سے مکمل کر لی ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف اتر پردیش ڈیفنس انڈسٹریل کاریڈور کے لیے سنگ میل ہے بلکہ دفاعی خودکفالت کے عزم کو بھی نئی توانائی فراہم کرے گا۔



