کینیڈا میں کپل شرما کے کیفے پر فائرنگ، چار ماہ میں تیسرا حملہ
کامیڈین کپل شرما کے کیفے کپس کیفے پر کینیڈا کے شہر سری میں ایک بار پھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جو گزشتہ چار ماہ میں تیسرا حملہ ہے۔ اس واقعے کی ذمہ داری گینگسٹرز گولڈی ڈھلوں اور کلدیپ سدھو نے قبول کی ہے، جو مبینہ طور پر لارنس بشنؤی گینگ سے تعلق رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیفے پر کئی فائر کیے گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دونوں حملہ آوروں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے کہا،
“وہیگرو جی کا خالصہ، وہیگرو جی کی فتح۔ آج کی فائرنگ ہم نے کی ہے۔ ہمارا عام عوام سے کوئی جھگڑا نہیں، لیکن جو ہمیں دھوکہ دے گا یا ہمارا حق مارے گا، اسے خبردار رہنا چاہیے۔”
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پہلے واقعے کے بعد بابر خالصہ انٹرنیشنل (BKI) کے ایک رکن نے دعویٰ کیا تھا کہ کپل شرما کے شو میں نیہنگ سکھوں کے لباس اور طرزِ عمل پر مذاق اڑایا گیا تھا، جس سے کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔



