علاقائی خبریںقومی

انڈگو کے ہنگامے کے بعد دہلی ایئرپورٹ کی نئی ایڈوائزری پروازیں معمول پر آنے لگیں

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے مسافروں کے لیے اہم مشورہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انڈیگو کی پروازوں کی کارروائی اب بتدریج معمول پر آرہی ہے۔ ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بد نظمی کے بعد اڑانیں دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، تاہم مسافروں کو روانگی سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ ترین حالت ضرور چیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حالیہ دنوں میں انڈیگو نے ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر بری طرح متاثر ہوئے۔ دہلی سے روانہ ہونے والی تمام ملکی پروازیں جمعہ کی نصف شب تک منسوخ رہیں، جو صورتحال کو مزید سنگین بنا گئی۔

کمپنی کے سربراہ نے اعتراف کیا کہ یہ دن سب سے زیادہ متاثرہ رہا اور مکمل بحالی کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 10 سے 15 دسمبر کے درمیان حالات پوری طرح معمول پر آنے کی امید ہے۔

اس صورتحال کے بعد مرکزی وزارتِ شہری ہوابازی نے مداخلت کرتے ہوئے اسے انڈیگو کی عملے کی غلط منصوبہ بندی قرار دیا۔ وزارت کی جانب سے فلائٹ ڈیوٹی ٹائم سے متعلق قواعد میں عارضی نرمی دی گئی ہے تاکہ فوری طور پر افراتفری ختم کی جاسکے اور مسافروں کو ریلیف مل سکے۔

دوسری جانب ڈی جی سی اے نے بھی کہا ہے کہ یہ بحران کمپنی کی غلط حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔ انڈیگو کو عارضی استثنیٰ دے دیا گیا ہے تاکہ عملے کی کمی کے باعث ہونے والی تاخیر کم کی جاسکے۔

مسافروں کے شدید غصے اور ایوان میں اٹھنے والی آوازوں نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے، جب کہ حکومت نے ایئر لائنز کو واضح ہدایت دی ہے کہ مسافروں کے رقوم کی واپسی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button