گوا نائٹ کلب سانحہ 25 ہلاکتیں، شریک مالک اجے گپتا گرفتار
گوا کے معروف نائٹ کلب میں پیش آنے والے خوفناک آتشزدگی کے واقعے میں ۲۵ افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ پولیس نے اجے گپتا کو دہلی سے حراست میں لے لیا ہے، جو لُتھرا برادران کے مبینہ شراکت دار بتائے جاتے ہیں۔ ان دونوں بھائیوں کی ملکیت والے نائٹ کلب میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب بڑی آگ بھڑک اٹھی تھی، جس میں متعدد افراد جھلس کر مر گئے۔
پولیس کے مطابق آتشزدگی کے فوراً بعد نائٹ کلب کے اصل مالکان سوربھ لُتھرا اور گورو لُتھرا بھارت چھوڑ کر تھائی لینڈ فرار ہوگئے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق اتوار کی صبح ۵:۳۰ بجے دونوں بھائی دہلی سے فوکٹ کے لئے پرواز میں سوار ہوئے۔
ڈی آئی جی ورشـا شرما نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ کیس میں اب تک چھ افراد گرفتار ہوچکے ہیں، جن میں راجیو موڈک، وِویک سنگھ، راجیو سنگھانیا، ریانشو ٹھاکر اور بھرت کھوکھر شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور فرار لُتھرا برادران کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ سانحہ گوا کی سیاحت اور نائٹ لائف کے حوالے سے ایک بڑا المیہ قرار دیا جارہا ہے، جس نے حفاظتی انتظامات پر کئی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔


