گوگل کا بڑا اعلان وِشاکھا پٹنم میں 15 ارب ڈالر کا اے آئی مرکز
گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ کمپنی اگلے 5 سالوں میں 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے وشاکھا پٹنم (آندھرا پردیش) میں دنیا کے سب سے بڑے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ہب میں سے ایک قائم کرے گی۔
پچائی نے بتایا کہ یہ مرکز گیگا واٹ سطح کی کمپیوٹنگ صلاحیت، بین الاقوامی سب سی گیٹ وے اور توانائی کے بڑے ڈھانچے پر مشتمل ہوگا۔ اس سے بھارت میں ڈیجیٹل معیشت کو نئی رفتار ملے گی اور ملک میں اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب آئے گا۔
گوگل کے مطابق یہ منصوبہ کمپنی کا امریکہ سے باہر سب سے بڑا اے آئی مرکز ہوگا، جو بھارت کے مختلف حصوں کو ایک ڈیجیٹل بیک بون کے ذریعے جوڑے گا۔
گوگل کلاؤڈ کے سی ای او تھامس کُریان نے کہا کہ وشاکھا پٹنم اے آئی ہب، گوگل کے عالمی نیٹ ورک کے 12 ممالک میں پھیلے مراکز سے منسلک ہوگا۔
یہ اقدام بھارت کو عالمی سطح پر اے آئی پاور ہاؤس بنانے کی سمت ایک تاریخی قدم سمجھا جا رہا ہے۔



