گجرات اے ٹی ایس کی بڑی کارروائی تین شدت پسند گرفتار، ملک گیر حملہ ٹل گیا
گجرات اے ٹی ایس نے ایک بڑی دہشت گردانہ سازش کو ناکام بناتے ہوئے تین مشتبہ شدت پسندوں کو گرفتار کرلیا۔ یہ گرفتاریاں ادلاج ٹول پلازا کے قریب اس وقت ہوئیں جب وہ اسلحہ کی ترسیل کر رہے تھے۔
گرفتار افراد کی شناخت ڈاکٹر احمد محی الدین سید (حیدرآباد)، محمد سہیل، اور آزاد سلیمان سیفی (اترپردیش) کے طور پر ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی سنیل جوشی کے مطابق، یہ افراد تقریباً ایک سال سے نگرانی میں تھے۔ اطلاع ملی تھی کہ احمد محی الدین دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے اور احمد آباد آنے والا ہے۔ کارروائی کے دوران، اے ٹی ایس نے دو گلاک پستولیں، ایک بریٹا پستول، 30 کارتوس اور چار لیٹر کیسٹر آئل (زہریلے مادے ریسن کی تیاری میں استعمال ہونے والا کیمیکل) برآمد کیا۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ احمد محی الدین کا رابطہ ابو خدیجہ نامی ایک ٹیلیگرام صارف سے تھا، جو مبینہ طور پر اسلامک اسٹیٹ خراسان گروپ (آئی ایس کے پی) سے وابستہ ہے۔ دیگر دو ملزمان نے لکھنؤ، دہلی، احمد آباد اور کشمیر میں بھی نقل و حرکت کی تھی۔
اے ٹی ایس نے بتایا کہ ہتھیار راجستھان کے ہنومان گڑھ سے منگوائے گئے تھے۔ ایک ملزم کو 17 نومبر تک پولیس تحویل میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ دیگر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔


