صحت میں بڑی راحت پیوش گوئل کا اعلان دوائیوں پر ٹیکس میں کمی
مرکزی وزیرِ صنعت و تجارت پیوش گوئل نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کے لیے صحت کی سہولیات کو سستی اور آسان بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے میڈیکل ڈیوائسز، کینسر کی دواؤں اور دیگر ضروری ادویات پر ڈیوٹی کم کی ہے، جبکہ ہیلتھ اور لائف انشورنس پر جی ایس ٹی 18 فیصد سے صفر کردیا گیا ہے۔
گوئل نے نئی دہلی میں منعقدہ سی آئی آئی ہیلتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ بھی اہم ادویات پر ٹیکس میں مزید کمی پر غور کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ علاج سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے جن آوشدی کیندروں کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد مراکز عوام کو سستی جنیرک دوائیں فراہم کر رہے ہیں۔
گوئل نے بتایا کہ ہندوستان میں اب 23 ایمس اور 706 میڈیکل کالجز ہیں، جو 2014 میں محض 7 ایمس اور 387 کالجز تھے۔ یہ توسیع ملک میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت تقریباً 70 کروڑ افراد کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا، بھارت کے پاس جدید علاج، روایتی طب، اور انسانی ہمدردی کا امتزاج ہے، جو ہمیں دنیا کا سب سے بڑا ہیلتھ ویلس ڈیسٹی نیشن بنا سکتا ہے۔

