حیدرآباد میں ملاوٹی گوشت کے خلاف بڑی کارروائی، 12 ٹن ضبط
حیدرآباد پولیس نے ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے ایک چھاپے کے دوران تقریباً 12 ٹن باسی گوشت ضبط کر لیا، جس کی مالیت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔
یہ کارروائی منگل ہاٹ علاقے میں کی گئی، جہاں پولیس کی خصوصی ٹیموں نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ایک دکان پر چھاپہ مارا اور منیجر کو گرفتار کر لیا، جبکہ دکان کا مالک فرار ہو گیا۔
ضبط کیے گئے گوشت میں پائے، سر، دماغ، گردے اور جگر شامل تھے، جنہیں انتہائی غیر صحت بخش حالات میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سستے داموں باسی گوشت خرید کر اسے فریزر اور گندے پانی میں محفوظ رکھتے تھے اور بعد میں شادی بیاہ اور ہوٹلوں کو فروخت کرتے تھے، جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق تھا۔
ایک اور کارروائی میں پولیس نے ایک بیکری پر چھاپہ مار کر ایک شخص کو گرفتار کیا، جو بغیر لائسنس غیر معیاری اشیاء تیار کر رہا تھا۔ اس دوران پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی ضبط کیا۔
پولیس کمشنر نے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ عوام کی صحت سے نہ کھیلیں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کرنا معاشرے کے خلاف جرم ہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ ماہ شہر میں 92 مقدمات درج کیے گئے اور 62 ٹن ملاوٹی اشیاء ضبط کی گئیں، جبکہ 98 افراد گرفتار ہوئے۔



