حیدرآباد میں دکانوں کو ایک ماہ کی مہلت، فائر سیفٹی پر سختی
حیدرآباد ڈیزاسٹر ریسپانس اینڈ اثاثہ تحفظ ایجنسی (ہائیڈرا) نے شہر کی دکانوں اور تجارتی اداروں کو فائر سیفٹی اصولوں پر عمل کے لیے ایک ماہ کی مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران دکانیں سیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم مقررہ مدت کے بعد سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ ہائیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ کی صدارت میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے بعد سامنے آیا، جس میں تاجر تنظیموں، دکان مالکان، جی ایچ ایم سی، فائر سروسز، پولیس اور برقیات محکمہ کے افسران شریک تھے۔ اجلاس میں بڑھتے ہوئے آتشزدگی کے واقعات پر تشویش ظاہر کی گئی۔
مہلت کے دوران تمام دکان داروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فائر ایکزٹ، آگ بجھانے کا سامان، بجلی کی محفوظ وائرنگ اور این او سی جیسے تمام حفاظتی انتظامات فوری طور پر مکمل کریں۔ حکام کے مطابق مدت ختم ہونے کے بعد معائنے تیز کیے جائیں گے اور خلاف ورزی پر دکانیں سیل کی جا سکتی ہیں۔
حالیہ دنوں میں مشترکہ معائنوں کے دوران نو دکانیں سیل کی گئی تھیں، جس کے بعد تاجروں نے مہلت کی درخواست کی تھی۔
اسی سلسلے میں جوبلی ہلز میں ایک شوروم جبکہ نامپلی کے علاقے میں واقع ایک کمرشل عمارت کو سنگین خلاف ورزیوں پر سیل کیا گیا۔ نامپلی میں واقع عمارت میں سیڑھیوں تک فرنیچر رکھا گیا تھا جس سے فائر ایگزٹ مکمل طور پر بند ہو چکے تھے۔



