حیدرا ایجنسی نے کونڈاپور میں 86 کروڑ کی سرکاری زمین پر قبضہ ناکام بنایا
حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹیکشن ایجنسی (حیدرا) نے کونڈاپور، سیرلنگم پلی منڈل میں 86 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری زمین پر ہونے والی بڑی قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایجنسی نے تقریباً 4,300 مربع گز عوامی زمین کو محفوظ کرتے ہوئے اس پر سرکاری باڑ لگا دی۔
پولیس کے مطابق، غیر قانونی قبضہ میں ملوث افراد کے خلاف گاچی باؤلی پولیس اسٹیشن میں فوجداری مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ملزمان میں چنتالا پوچیا، چنتالا راجو، کولی مادھو ریڈی اور ان کا بیٹا شامل ہیں، جنہوں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے سرکاری زمین کو فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔
جمعہ کے روز راغویندرا کالونی میں 2,000 مربع گز پارک کو بچانے کے بعد، حیدرا نے ہفتے کے دن راج راجیشوری نگر کے عثمانیہ یونیورسٹی ٹیچرز ویلفیئر سوسائٹی کے علاقے میں موجود 4,300 مربع گز زمین کو قبضہ مافیا سے واپس حاصل کر لیا۔
کمشنر اے وی رنگاناتھ کی نگرانی میں حیدرا ٹیم نے موقع کا معائنہ کیا، غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا اور زمین پر سرکاری باڑ اور بورڈز نصب کیے تاکہ آئندہ کوئی دوبارہ قبضہ نہ کر سکے۔



