کونڈاپور میں 700 کروڑ کی سرکاری زمین بازیاب حائیڈرا کی بڑی کارروائی
حیدرآباد ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ایسٹ پروٹیکشن ایجنسی حائیڈرا نے کونڈاپور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 4 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین واپس حاصل کرلی۔ اس زمین کی موجودہ قیمت 700 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
یہ زمین سری وینکٹیشورا ایچ اے ایل کالونی میں عوامی سہولتوں کے لئے مختص کی گئی تھی، جہاں کل 57.20 ایکڑ پر 627 پلاٹس تیار کیے گئے تھے۔ کالونی میں دو پارکوں کے لئے 1.20 ایکڑ فی کس, ایک اور پارک کے لیے 2 ایکڑ اور عوامی استعمال کے لئے 1000 مربع گز جگہ رکھی گئی تھی۔
لیکن برسوں سے یہ کھلی جگہیں قبضہ مافیا کے کنٹرول میں تھیں۔ رپورٹ کے مطابق، 1980 کی دہائی میں بااثر افراد نے جعلی جنرل پاور آف اٹارنی (جی پی اے) کے ذریعے ایک شخص وائی بی کے راؤ کے نام پر زمین فروخت کی۔ بعد میں اس غیر قانونی زمین کو ایل آر ایس اور بی آر ایس جیسی اسکیموں کے تحت ریگولرائز بھی کرلیا گیا۔
رہائشیوں کے مطابق، اس غیر قانونی خرید و فروخت میں این آر آئی افراد نے بھی سرمایہ کاری کی جبکہ بعد میں مختلف کمپنیوں جیسے سمہ ڈیولپرز اور واسوی کنسٹرکشنز نے یہاں باڈی گارڈز تعینات کرکے رہائشیوں کو پارک میں داخل ہونے سے بھی روکا۔
سری وینکٹیشورا ایچ اے ایل ریذیڈنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن نے معاملے کو حائیڈرا پرجاونی میں اٹھایا، جس کے بعد تحقیقات میں قبضے کی تصدیق ہوئی۔ رہائشیوں نے ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا، جس نے حائیڈرا کو زمین واپس لینے کی ہدایت دی۔



