جیڈی میٹلہ اور گڈی ملکاپور میں پارک اراضی واگزار، کروڑوں کی زمین بچالی گئی
حیدرآباد میں سرکاری پارکوں کی اراضی پر قبضوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹیکشن ایجنسی نے جیڈی میٹلہ اور گڈی ملکاپور علاقوں میں بڑی مہم چلائی۔ کارروائی کے دوران 3712 گز پارک اراضی کو قبضہ مافیا سے آزاد کرایا گیا، جس کی اندازاً مالیت 37.12 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
جیڈی میٹلہ گاؤں، ضلع میڑچل ملکاجگری میں ۱۹۶۸ء میں ۸۰ ایکڑ پر بھاگیہ لکشمی کالونی قائم کی گئی تھی، جہاں ۸۱۰ پلاٹس اور ۱۰ پارکس مختص کیے گئے تھے۔ بعد میں صنعتی علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والی ہائی ٹینشن لائن پارکوں کے اوپر سے گزری جس کی وجہ سے ترقیاتی کام متاثر ہوا۔ لائن ہٹائے جانے کے بعد کچھ افراد نے پارک زمین پر قبضہ کرلیا۔
اسی طرح گڈی ملکاپور میں بھی ایک پارک اراضی پر ریت کا کاروبار، گاڑیوں کی پارکنگ اور ناریل فروخت کی جارہی تھی۔ شکایت ملنے پر زمین خالی کراکر باقاعدہ حفاظتی اقدامات کیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی کے تحفظ اور شہری سہولیات کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔



