روہت شرما کا پیغام میں ہمیشہ رہنمائی کے لیے موجود ہوں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026
بھارت کے سابق ٹی ٹوینٹی کپتان اور ورلڈ کپ 2024 کے فاتح روہت شرما نے واضح کیا ہے کہ اگرچہ وہ مختصر طرز کی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں، مگر ٹیم انڈیا کے لیے ان کی رہنمائی ہمیشہ موجود رہے گی۔ وہ پندرہ سالہ کیریئر میں حاصل شدہ تجربہ نوجوان کھلاڑیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
روہت شرما، جو نووں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کھیلنے والے واحد کھلاڑی ہیں، نے بتایا کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ او ڈی آئی سیریز کے دوران ٹی ٹوینٹی ٹیم کے کئی کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان ہمیشہ گفتگو رہتی ہے اور وہ کھلاڑیوں کے ذہنیت سمجھنے اور انہیں رہنمائی دینے میں خوشی محسوس کرتے ہیں۔ روہت کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی بہترین فارم میں ہیں اور زیادہ تبدیلی کی ضرورت نہیں، مگر حتمی تیاری نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران مکمل ہو جائے گی، جب ٹیم اپنے ممکنہ پندرہ رکنی اسکواڈ کو ذہن میں رکھے گی۔
روہت شرما نے کہا کہ:
میں ہمیشہ ٹیم کے لیے دستیاب ہوں، چاہے مشورہ دینا ہو یا کوئی مسئلہ سن کر اس کا حل نکالنا ہو۔
روہت شرما کو حال ہی میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026 (جس کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے) کا برینڈ ایمبیسیڈر بھی مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ موجودہ کھلاڑی زبردست کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ٹیم مضبوط ہے، اس لیے بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی ضرورت نہیں۔



