اکیس دھرمیندر کی آخری فلم، ان کے کردار اور شعلے سے جذباتی رشتہ
بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر جو 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، اپنی آخری فلم اکیس کے ساتھ مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ یہ فلم دسمبر میں ریلیز ہونے جا رہی ہے اور اسے بہادری، قربانی اور قومی فخر پر مبنی ایک طاقتور کہانی قرار دیا جا رہا ہے۔
دھرمیندر چند ہفتوں کی علالت کے بعد ممبئی کے جوہو میں اپنی رہائشگاہ پر خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی آخری رسومات ولی پارلے کے پاون ہنس شمشان میں ادا کی گئیں۔
اس فلم میں دھرمیندر نے بریگیڈیئر کیتراپال کا کردار نبھایا ہے، جو سکنڈ لیفٹیننٹ ارون کیتراپال کے والد ہیں وہ جوان ہیرو جنہیں وطن کیلئے جان قربان کرنے پر پرم ویر چکر سے نوازا گیا۔
ارون کیتراپال کا کردار اگستیہ نندا نے ادا کیا ہے، جو امیتابھ بچن کے نواسے ہیں۔
اکیس کو مدوک فلمز نے بنایا ہے اور اسے ہمت، قربانی اور قومی خدمت کو خراجِ عقیدت قرار دیا جا رہا ہے۔ فلم کے اعلان کے دوران پروڈکشن ہاؤس نے لکھا:
باپ بیٹے کو بڑا کرتا ہے، اور لیجنڈ قوم کو۔ دھرمیندر جی ایک بہادر سپاہی کے والد کے جذبات پیش کرتے ہیں۔
فلم کے ہدایتکار شری رام راگھون ہیں، جب کہ کہانی اریجت بسواس اور پوجا لدھا سورتی نے لکھی ہے۔ فلم 1971 کی جنگ کے ہیرو ارون کیتراپال کی سچی داستان پر مبنی ہے۔ دیگر اہم کرداروں میں جیدیپ اہلاؤت اور سکندر کھیر شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اکیس میں وہی جذباتی ربط موجود ہے جو دھرمیندر اور امیتابھ بچن کی کلاسک فلم شعلے میں نظر آیا تھا۔ شعلے میں امیتابھ بچن کا کردار جئے اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلئے جان دیتا ہے۔
اسی طرح اکیس میں ارون کیتراپال کی بہادری بھی قربانی اور فرض شناسی کی علامت ہے۔
یہ فلم 25 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگی اور دھرمیندر کی یادوں میں مزید چمک بھر دے گی۔



