بھارت اور ایتھوپیا گلوبل ساؤتھ کے ہم سفر اور شراکت دار وزیراعظم مودی
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور ایتھوپیا ہزاروں برس پرانے تعلقات کے حامل ممالک ہیں اور دونوں گلوبل ساؤتھ کے ہم سفر اور شراکت دار ہیں۔ انہوں نے یہ بات ادیس ابابا میں ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد علی کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کے دوران کہی۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ ایتھوپیا کا یہ ان کا پہلا دورہ ہے، مگر یہاں پہنچتے ہی انہیں قربت اور اپنائیت کا احساس ہوا۔ ان کے مطابق دونوں ممالک زبانوں اور روایات سے مالا مال ہیں اور تنوع میں اتحاد کی مثال پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت اور ایتھوپیا امن اور انسانی فلاح کے لیے پرعزم جمہوری طاقتیں ہیں اور عالمی پلیٹ فارموں پر ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ افریقی اتحاد کا صدر دفتر ایتھوپیا میں ہے، جو افریقی سفارت کاری کا مرکز ہے، اور دو ہزار تئیس میں بھارت کی کوششوں سے افریقی اتحاد کو جی بیس کی رکنیت ملی۔
دونوں ممالک کے درمیان کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن میں خارجہ امور کی وزارت میں ڈیٹا مرکز کے قیام، اقوام متحدہ امن مشنز کی تربیت میں تعاون اور کسٹمز امور میں باہمی انتظامی تعاون شامل ہیں۔
وزیراعظم مودی کو قومی محل میں روایتی استقبالیہ دیا گیا۔ ہوائی اڈے پر خصوصی خیرمقدم کے بعد دونوں رہنماؤں نے روایتی کافی تقریب میں شرکت کی۔ بھارتی برادری نے بھی جوش و خروش سے استقبال کیا، جس پر وزیراعظم نے ایتھوپیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دوستی کے مزید مضبوط ہونے کا اظہار کیا۔



