بھارت۔یورپی یونین تاریخی تجارتی معاہدہ، نئی عالمی حکمتِ عملی کا آغاز
نئی دہلی میں آج بھارت اور یورپی یونین کے درمیان ایک تاریخی آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات کے اختتام کا اعلان کیا گیا، جسے دونوں فریقین مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دے رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا وان ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی میزبانی کی۔
اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں تجارت، دفاع، سلامتی، موسمیاتی تبدیلی، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر قانون پر مبنی نظام کو مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ اس معاہدے سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو زبردست تقویت ملے گی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔
بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر مذاکرات پہلی بار دو ہزار سات میں شروع ہوئے تھے، تاہم اختلافات کے باعث دو ہزار تیرہ میں روک دیے گئے۔ بعد ازاں دو ہزار بائیس میں دوبارہ بات چیت کا آغاز ہوا، جو اب کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے۔
حکام کے مطابق یہ معاہدہ متوازن اور مستقبل دوست ہے، جس سے دونوں معیشتوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ یورپی یونین اس وقت بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
اس موقع پر سلامتی اور دفاعی شراکت داری کے معاہدے کو بھی حتمی شکل دی گئی، جس سے دفاعی تعاون میں وسعت آئے گی اور بھارتی صنعتوں کو نئے مواقع میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی کارکنوں کی یورپ منتقلی کو آسان بنانے کے لیے بھی ایک فریم ورک طے کیا گیا ہے۔



