دہشت گردی پر زیرو ٹالرینس، بھارت اور اسرائیل کا مشترکہ عزم جے شنکر
بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے سڈنی کے بانڈی بیچ پر حنوکہ تقریب کے دوران ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر مکمل طور پر قائم ہیں۔ اس افسوسناک واقعے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے۔
دو روزہ دورے پر اسرائیل پہنچنے والے وزیر خارجہ نے صدر آئزک ہرزوگ سے ملاقات کی، جبکہ وزیر خارجہ گیڈیون ساعر اور وزیر معیشت و صنعت نیر بارکت کے ساتھ تفصیلی بات چیت بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں جے شنکر نے کہا کہ بھارت اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اسرائیل کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے بھارت کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری گزشتہ ایک دہائی میں نمایاں طور پر مضبوط ہوئی ہے، جس میں حکومتی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعاون شامل ہے۔
بعد ازاں سوشل میڈیا بیان میں انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتحال، اسٹریٹجک تعاون، سرمایہ کاری، اختراع اور عوامی روابط پر مفید تبادلۂ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے دفاع، تجارت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں بڑھتے تعاون کو دونوں ممالک کے تعلقات کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔



