2036 اولمپکس کی میزبانی کی سمت بھارت کا مضبوط قدم: وزیرِ اعظم مودی
بھارت عالمی کھیلوں کے نقشے پر ایک نئی پہچان بنانے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت دو ہزار چھتیس کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے مضبوط اور مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔ وہ بہترویں قومی والی بال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو خطاب کر رہے تھے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں بھارت نے مختلف شہروں میں بیس سے زائد بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے کامیابی سے منعقد کیے ہیں، جس سے ملک کی تنظیمی صلاحیت اور عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت نہ صرف دو ہزار تیس کے کامن ویلتھ کھیلوں کی میزبانی کرے گا بلکہ دو ہزار چھتیس کے اولمپکس کے حصول کے لیے بھی پوری قوت سے تیار ہے۔
انہوں نے والی بال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل توازن، تعاون اور ٹیم اسپرٹ کی بہترین مثال ہے۔ اس کھیل میں ہر کھلاڑی ٹیم فرسٹ کے اصول پر چلتے ہوئے مشترکہ کامیابی کے لیے کردار ادا کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم کے مطابق، گیند کو مسلسل فضا میں رکھنا حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔
بہترویں قومی والی بال ٹورنامنٹ چار سے گیارہ جنوری تک منعقد ہو رہا ہے، جس میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اٹھاون ٹیمیں مختلف ریاستوں اور اداروں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ اس مقابلے سے کھیلوں کی ثقافت کو فروغ ملے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔



