سائنسعلاقائی خبریںقومی

بھارت کا بڑا خلائی ہدف شوبھانشو شکلہ کا اعلان 2040 تک چاند پر انسان بھیجنے کی تیاری تیز

بھارت کے پہلے خلا باز شوبھانشو شکلہ نے واضح کیا ہے کہ ملک 2040 تک انسان کو چاند پر بھیجنے کی سمت مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا خلائی مستقبل نہایت روشن ہے اور آئندہ 10 سے 20 سال کے دوران بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

شوبھانشو شکلہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گگن یان مشن کے اہم رکن ہیں اور بھارت کا مقصد نہ صرف انسان بردار مشن کو کامیاب بنانا ہے بلکہ مستقبل میں اپنا خلائی اسٹیشن قائم کرنا اور انسان کو چاند تک بھیجنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ کام بہت پیچیدہ ہے اس لیے حتمی تاریخ دینا ممکن نہیں، لیکن ہدف 2040 ہی ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔‘‘

انہوں نے راکیش شرما کے تاریخی جواب ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی خلا سے بھارت ویسا ہی خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔ ان کے اس جملے پر حاضرین نے زبردست داد دی۔

شوبھانشو شکلہ نے بھارت کے نوجوانوں پر گہرا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا مستقبل انہی کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک بھارت کو ’’ترقی یافتہ ملک‘‘ بنانے کی ذمہ داری نوجوانوں پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے خلا سے متعلق مواقع محدود تھے، لیکن اب بھارت میں ہی ایک مضبوط نظام تیار ہو رہا ہے جس سے ہزاروں طلبہ خلاباز بننے کا خواب پورا کر سکیں گے۔

شکلہ نے جدید دور کی ٹیکنالوجی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت خلائی مشنز کا اہم حصہ بن چکی ہے، اور خلائی اسٹیشن 20 سے 30 سال کے لیے بنایا جاتا ہے، اس لیے اسے مستقبل کی ٹیکنالوجی کے مطابق لچکدار بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی تجربہ بھارت کے مشنز کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button