علاقائی خبریںقومی

بھارت اور نیپال کا ریلوے معاہدہ، دو طرفہ تجارت میں نیا سنگ میل

بھارت اور نیپال نے دو طرفہ تجارت اور ریل کنیکٹیویٹی کو مضبوط بنانے کے لیے نیا معاہدہ کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جمعرات کو ایک لیٹر آف ایکسچینج پر دستخط ہوئے، جس کے تحت ٹریٹی آف ٹرانزٹ میں ترمیم کی گئی تاکہ ریل کے ذریعے تجارت کے مزید راستے کھولے جا سکیں۔

یہ معاہدہ بھارتی وزیر تجارت پیوش گوئل اور نیپالی وزیر انیل کمار سنہا کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات کے بعد طے پایا۔ اس معاہدے سے جوگبانی (بھارت) سے بیرٹ نگر (نیپال) تک سامان کی نقل و حمل آسان ہوگی، جس میں کنٹینر اور بلک کارگو دونوں شامل ہیں۔

نئے معاہدے کے تحت کلکتہ–جوگبانی، کلکتہ–نوتنوا (سونولی) اور وشاکھاپٹنم–نوتنوا (سونولی) کے راستوں پر ریل نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہوگی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

جوگبانی–بیرٹ نگر ریل لنک بھارت کی مالی امداد سے تعمیر کیا گیا تھا اور یکم جون 2023 کو دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے اسے مشترکہ طور پر افتتاح کیا تھا۔ اس نئے معاہدے کے بعد اب بھارتی بندرگاہوں (کلکتہ اور وشاکھاپٹنم) سے براہِ راست نیپال کے کسٹمز یارڈ (مورنگ ضلع) تک سامان پہنچایا جا سکے گا۔

دونوں وزیروں نے سرحدی تجارت کو فروغ دینے، انٹیگریٹڈ چیک پوسٹس اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں پر اطمینان ظاہر کیا۔

وزارتِ تجارت کے مطابق یہ اقدام بھارت اور نیپال کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنائے گا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button