چیف اپیندر دویدی بھارت آپریشن سندور 2.0 کے لیے پوری طرح تیار
بھارتی آرمی چیف جنرل اپیندر دویدی نے کہا ہے کہ "آپریشن سندور” ابھی جاری ہے اور اسے ختم کرنے کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت "آپریشن سندور 2.0” کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع کے سینک اسکول کے دورے کے موقع پر آرمی چیف نے کہا،
جب تین قریبی دوست ایئر مارشل اے پی سنگھ، نیول چیف دنیش تریپ، اور میں افواج کی قیادت کر رہے ہیں، تو ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کی جانب سے کوئی بزدلانہ کارروائی ہوئی، تو بھارت منہ توڑ جواب دے گا۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ آپریشن سندور کا مقصد پاکستان کی سرحد پار دہشت گردی کو ختم کرنا ہے، اور اسے مناسب وقت پر مکمل کیا جائے گا۔
اس موقع پر بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کمار تریپ بھی موجود تھے۔ دونوں فوجی سربراہان 1970 کی دہائی میں ریوا سینک اسکول کے ہم جماعت رہ چکے ہیں۔
اپیندر دویدی نے کہا، "جب بھی میں یہاں آتا ہوں، مجھے اپنے بچپن کے دن یاد آ جاتے ہیں۔ چیزیں بدل گئی ہیں، مگر قوم کی خدمت کا جذبہ آج بھی ویسا ہی ہے۔”
ایڈمرل تریپ نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے، کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔



