بھارت کا اقوامِ متحدہ اجلاس میں زور پائیدار اور جامع ترقی ہی اصل راستہ: پیوش گوئل
جنیوا میں منعقدہ اقوامِ متحدہ کے کانفرنس برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کے سولہویں اجلاس میں بھارت کے وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے شرکت کرتے ہوئے پائیدار اور جامع ترقی پر زور دیا۔
پیوش گوئل نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت دنیا کی پانچ بڑی معیشتوں میں شامل ہو چکا ہے اور پچھلے تین برسوں میں سات فیصد سے زائد شرحِ ترقی برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاکھوں بھارتی شہری غربت سے نکل کر اب مڈل کلاس میں شامل ہو رہے ہیں، جس سے آمدنی اور طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیرِ تجارت نے بتایا کہ بھارت کی نصف بجلی پیداوار اب قابلِ تجدید ذرائع سے حاصل ہو رہی ہے اور 2030 تک 500 گیگاواٹ کے ہدف پر کام جاری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقی یافتہ ممالک کو پیرس معاہدے کے تحت اپنی مالی اور ٹیکنالوجی وعدے پورے کرنے چاہئیں۔
گوئل نے مزید کہا کہ بھارت ڈیجیٹل ترقی، خواتین کاروباریوں، اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دے رہا ہے، جو معیشت کا اہم ستون بن چکا ہے۔ بھارت کی خدماتی برآمدات میں بھی دوہندسی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پیوش گوئل نے آتم نربھر بھارت کے تحت خود کفیل معیشت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت نے ادویات، ویکسین، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس میں زبردست ترقی کی ہے۔



