علاقائی کشیدگی اسرائیل میں الرٹ، بھارت، امریکہ اور برطانیہ کی ایڈوائزری
اسرائیل میں بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کے پیشِ نظر بھارت، امریکہ اور برطانیہ نے اپنے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تینوں ممالک کی سفارت خانوں نے اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بھارتی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں مقیم تمام بھارتی شہری حالات پر گہری نظر رکھیں اور مقامی حکام اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی شہریوں کو اسرائیل کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
سفارت خانے نے ہنگامی حالات میں رابطے کے لیے چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران بھارتی سفارت خانہ بھارتی شہریوں کا ڈیٹا مسلسل اپ ڈیٹ کر رہا ہے۔ کورونا وبا اور بعد ازاں جنگی حالات کے دوران سفارت خانے نے ہزاروں شہریوں سے رابطہ قائم کیا، جبکہ اس وقت اسرائیل میں بھارتیوں کی تعداد چالیس ہزار سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی سفارت خانہ، یروشلم نے بھی اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی تناؤ کے باعث سفری منصوبوں پر نظرِ ثانی کریں اور اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔
اسی طرح برطانوی دفترِ خارجہ نے بھی نئی سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو اسرائیل کا سفر صرف انتہائی ضروری حالات میں کرنے کی ہدایت دی ہے۔ برطانوی بیان میں کہا گیا کہ صورتحال بگڑنے کی صورت میں سفری رکاوٹیں اور دیگر غیر متوقع مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔



