بھارتی نابینا خواتین کی کرکٹ ٹیم عالمی چیمپئن
بھارت کی نابینا خواتین کی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا خواتین کا نابینا ٹی۔20 عالمی کپ اپنے نام کر لیا۔ یہ تاریخی کامیابی کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں نیپال کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعد حاصل ہوئی۔ اس جیت کے ساتھ بھارتی ٹیم نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔
پورے ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم نے ناقابلِ شکست رہتے ہوئے کوئی بھی میچ نہیں ہارا۔ فائنل میں ٹاس جیت کر بھارت نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ بھارتی باؤلرز کی شاندار اور نپی تلی باؤلنگ کے سامنے نیپال کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 114 رنز ہی بنا سکی۔
115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم نے بھرپور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ شروع کی اور صرف 12.1 اوورز میں میچ اپنے نام کر لیا۔ ٹیم کی نمایاں بلے باز خولا شریر نے 27 گیندوں پر ناقابلِ شکست 44 رنز بنا کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ ٹورنامنٹ 11 نومبر کو دہلی میں شروع ہوا تھا، جس میں بھارت، نیپال، پاکستان، آسٹریلیا، سری لنکا اور امریکہ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔



