دبئی: دیوالی تقریب میں 18 سالہ بھارتی طالب علم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا
دبئی میں دیوالی کی خوشیوں کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، 18 سالہ بھارتی طالب علم ویشنو کرشن کمار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئے۔
ویشنو دبئی کی مڈل سیکس یونیورسٹی میں بی بی اے مارکیٹنگ کے پہلے سال کے طالب علم تھے اور انہیں یو اے ای گولڈن ویزا بھی ملا ہوا تھا۔
ویشنو ڈبئی انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی میں دیوالی کی تقریب کے دوران اچانک گر پڑے۔ انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں دل کا دورہ پڑنے سے مردہ قرار دیا۔
ان کے اہلِ خانہ کے مطابق ویشنو کو پہلے کبھی دل کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ دبئی پولیس فارنزک ڈیپارٹمنٹ نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ویشنو کے چچا نیتیش نے بتایا کہ خاندان جمعے کو میت کو کیرالہ لے جانے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ وہاں آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ویشنو کے والد کرشن کمار پچھلے 20 سال سے دبئی میں مقیم ہیں۔ ویشنو اور ان کی بہن ورشٹی دونوں وہیں پیدا ہوئے اور بڑے ہوئے۔
مڈل سیکس یونیورسٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ ویشنو کی موت سے پوری یونیورسٹی کمیونٹی افسردہ ہے۔
جی ای ایم ایس اور اون انڈین اسکول نے ویشنو کو ایک ہمدرد، باصلاحیت اور سب کا پسندیدہ طالب علم قرار دیا اور آئندہ کے پروگرام ملتوی کر دیے۔
ویشنو کی اچانک موت نے دبئی کی بھارتی کمیونٹی کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔



