ٹورنٹو میں بھارتی طالب علم شیونک اوستھی قتل، ملزم فرار
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بھارتی طالب علم کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ مقتول کی شناخت شیونک اوستھی کے طور پر ہوئی ہے، جن کی عمر بیس برس تھی اور وہ ٹورنٹو یونیورسٹی اسکاربرو کیمپس میں ڈاکٹریٹ کے طالب علم تھے۔
پولیس کے مطابق منگل کے روز سہ پہر تقریباً تین بج کر چونتیس منٹ پر ہائی لینڈ کریک ٹریل اور اولڈ کنگسٹن روڈ کے علاقے سے ایک ہنگامی اطلاع موصول ہوئی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ایک نوجوان کو گولی لگنے کے شدید زخم کے ساتھ پایا گیا، جسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ رواں برس ٹورنٹو میں پیش آنے والا اکتالیسواں قتل ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم یا ملزمان واردات کے فوراً بعد فرار ہو گئے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی ہے۔
اس واقعے پر بھارت نے شدید غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹورنٹو میں بھارتی قونصل خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرحوم کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ٹورنٹو میں ایک بھارتی خاتون کے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، جس پر بھارتی برادری میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ حالیہ واقعات نے کینیڈا میں مقیم بھارتی شہریوں اور طلبہ کی سلامتی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔



