دبئی ایئر شو میں بھارتی طیارہ تیجس تباہ، پائلٹ ہلاک
دبئی ایئر شو میں ایک المناک حادثہ پیش آیا جہاں بھارتی فضائیہ کے ہلکے لڑاکا طیارے تیجس نے پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر پائلٹ کی جان لے لی۔ یہ حادثہ جمعہ کی دوپہر تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب طیارہ ہوائی کرتب دکھا رہا تھا۔
بھارتی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا اور واقعے کی تحقیقات کے لئے عدالتی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ فضائیہ نے کہا کہ وہ اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتی ہے اور غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔
حادثے کے فوراً بعد المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اوپر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا جبکہ ریسکیو سائرن کی آوازیں پورے علاقے میں گونجتی رہیں۔ دبئی ایئر شو میں دنیا بھر سے ہزاروں شائقین موجود تھے، جہاں یہ واقعہ سب کے سامنے پیش آیا۔
اس سال ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کے سوریا کرن ٹیم کی کرتب بازی اور مقامی ساختہ تیجس طیارے کی نمائش شامل تھی۔ رپورٹ کے مطابق یہ تیجس طیارے کا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے پہلے مارچ 2024 میں راجستھان میں اس طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا، تاہم اُس وقت پائلٹ محفوظ رہا تھا۔
تیجس ایک سنگل انجن، مختلف کردار ادا کرنے والا ہلکا لڑاکا طیارہ ہے، جس کی تیاری ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ اور ایرو ناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی نے کی تھی۔ اسے 1984 میں تیار کرنا شروع کیا گیا اور 2003 میں اس کا نام رکھا گیا۔
حادثے سے ایک روز پہلے کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے تیجس میں لیکیج کی جعلی ویڈیوز پھیلائیں، جنہیں سرکاری ذرائع نے من گھڑت اور گمراہ کن قرار دیا۔ وضاحت کی گئی کہ یہ صرف معمول کا تکنیکی عمل تھا جو گرم اور مرطوب موسم میں کیا جاتا ہے۔



