ہندوستانی ٹیکسٹائل صنعت روزگار کی نئی طاقت بن رہی ہے وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان کی ٹیکسٹائل صنعت تیزی سے ایک روزگار پیدا کرنے والی، عوامی مفاد پر مبنی ترقی کی طاقت بن کر ابھر رہی ہے، جو آتم نربھر بھارت کی حقیقی روح کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے ٹیکسٹائل کے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے تحریر کردہ ایک مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعبہ اب صرف روایتی صنعت نہیں رہا بلکہ روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات کا مضبوط ذریعہ بن چکا ہے۔ ان کے مطابق پی ایم مترا پارکس، پیداواری ترغیبی اسکیمیں اور آزاد تجارتی معاہدے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
مضمون میں بتایا گیا کہ ہندوستان میں داخلی طلب اور کھپت ٹیکسٹائل شعبے کی ترقی کی بنیاد ہے۔ 140 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ ملک دنیا کی مضبوط ترین ٹیکسٹائل منڈیوں میں شامل ہو چکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں گھریلو ٹیکسٹائل مارکیٹ کا حجم نمایاں طور پر بڑھا ہے۔
کھپت کے رجحانات بھی اس ترقی کی تصدیق کرتے ہیں۔ فی کس ٹیکسٹائل استعمال گزشتہ دس برسوں میں تقریباً دوگنا ہو چکا ہے اور آئندہ برسوں میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
مضمون میں خاص طور پر پی ایم میگا انٹیگریٹڈ ٹیکسٹائل ریجن اور اپیرل پارکس منصوبے کو اجاگر کیا گیا ہے، جس کے تحت بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور تین لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے، جو ہندوستانی ٹیکسٹائل نظام کو مزید مضبوط بنائے گا۔



