اندیگو کی پرواز منسوخ، دولہا دُلہن نے اپنی ہی استقبالیہ تقریب آن لائن شرکت کی
کرناٹک کے ہبلی شہر میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب اندیگو کی مسلسل پرواز منسوخی کے باعث ایک نئے شادی شدہ جوڑے کو اپنی ہی استقبالیہ تقریب میں آن لائن شریک ہونا پڑا۔
ہبلی کی میدھا کشرساگار اور بھونیشور کے سنگرام داس، دونوں سافٹ ویئر انجینئرز، کی تقریب گجرات بھون میں منعقد ہونے والی تھی۔ جوڑا 23 نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھا تھا اور دلہن کے شہر میں 3 دسمبر کو رسمی استقبالیہ رکھا گیا تھا۔
اندیگو کی ملک بھر میں جاری پائلٹ قلت اور بدانتظامی کی وجہ سے جوڑے کی بُھونیشور سے بنگلورو اور پھر ہبلی کی پرواز پہلے تاخیر کا شکار ہوئی اور آخرکار منسوخ کردی گئی۔ دوسری جانب کئی رشتہ داروں کی پروازیں بھی منسوخ ہو گئیں۔
مہمان پہلے ہی ہال میں موجود تھے اور تمام تیاریاں مکمل تھیں، لہٰذا دلہن کے والدین نے مجبوراً وہ نشستیں سنبھالیں جو دلہا دلہن کے لیے مختص تھیں اور روایتی رسومات ادا کیں۔
دونوں میاں بیوی مکمل لباس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے جبکہ اسکرین پر ان کی موجودگی دکھائی گئی۔ دلہن کی والدہ نے بتایا کہ “ہم بہت مایوس تھے، مگر آخری لمحے تقریب منسوخ کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے آن لائن شرکت ہی واحد حل تھا۔”



