انڈیگو کی بڑی ناکامی ملک بھر میں سینکڑوں مسافر پھنس گئے
ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر انڈیگو ایئر لائن کی شدید تاخیر اور منسوخیوں کے بعد مسافروں میں غصہ اور بے بسی کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مسافروں نے اپنی پریشانی، شکایات اور فریادیں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ گھنٹوں انتظار کے باوجود کوئی اسٹاف مدد یا اعلان فراہم نہیں کیا گیا۔
مسافروں نے دعویٰ کیا کہ انفارمیشن بورڈ پر پروازیں آن ٹائم دکھائی جا رہی تھیں، لیکن آخری لمحات میں پروازیں اچانک منسوخ کر دی گئیں، جس سے خاندانی مسافر اور دفتر جانے والے لوگ شدید متاثر ہوئے۔ ایک ویڈیو میں ایک مسافر روتے ہوئے کہتا ہے: کوئی میرے باس کو بتا دے مجھے نوکری سے نہ نکالیں۔
کئی مسافروں نے بتایا کہ پرواز اس لیے نہیں اڑی کیونکہ کپتان نہیں پہنچے۔ ایک بزرگ مسافر نے کہا: اب ان پر بھروسہ نہیں رہا۔
صورتحال بگڑنے کے بعد ڈی جی سی اے نے انڈیگو کو ہنگامی میٹنگ کے لیے طلب کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آج تقریباً 200 پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ درجنوں میں تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
ایئر لائن نے معذرت کرتے ہوئے وجہ بتایا کہ یہ مسئلہ ٹیکنالوجی خرابیوں، موسم، ایئر ٹریفک بھیڑ اور کریو روٹسٹرنگ کی تبدیلی کے باعث پیدا ہوا، جو توقع سے زیادہ تیزی سے بگڑ گیا۔



