مجتبیٰ خامنہ ای کی عوام سے جنگی شہداء کے احترام میں پودے لگانے کی اپیل
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حالیہ جنگی حملوں میں جاں بحق افراد کی یاد میں پودے لگائیں اور اسے امید، خوشحالی اور قومی اتحاد کی علامت بنائیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان ہوا بلکہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے ایرانی عوام کے حوصلے کو سراہتے ہوئے انہیں بہادری کی مثال قرار دیا۔
یہ پیغام ایران کے قیام کی 47ویں سالگرہ اور قدرتی دن کے موقع پر دیا گیا، جو نوروز تہوار کے اختتام کی علامت ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے شہروں اور دیہات میں سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر بہار کے اختتام تک پودے لگانے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں ایران کے کئی اہم رہنما، فوجی افسران اور شہری جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائیاں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے کبھی بھی جارحیت یا توسیع پسندی کا راستہ اختیار نہیں کیا اور عالمی طاقتوں کی جانب سے دباؤ کے باوجود امن کی پالیسی پر قائم رہا ہے۔



