علاقائی خبریںقومی

غزہ امن منصوبہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا وزیرِ اعظم مودی سے رابطہ

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے بدھ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات کی اور غزہ امن منصوبے کی تازہ صورتِ حال سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نئے سال کی مبارکباد دی اور امن و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نیتن یاہو نے غزہ میں امن کے نفاذ پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم مودی نے خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے آنے والے برس میں ہند۔اسرائیل اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ ترجیحات طے کیں، جن کی بنیاد جمہوری اقدار، باہمی اعتماد اور مستقبل بیں وژن پر ہے۔

بات چیت کے دوران دونوں قائدین نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہرایا اور اس لعنت کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نیتن یاہو سے بات کر کے خوشی ہوئی اور دونوں نے دہشت گردی کے خلاف مضبوط ارادے کے ساتھ کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آنے والے وقت میں دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مواقع موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button