جیسلمیر بس سانحہ: مودی کا 2 لاکھ معاوضہ کا اعلان
جیسلمیر۔جودھپور ہائی وے پر خوفناک بس آگ کے حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ منگل کی دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے اس وقت پیش آیا جب ایک ایئرکنڈیشنڈ بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ کا سبب بس کے اے سی یونٹ میں خرابی بتایا جا رہا ہے۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا، ’’میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘
صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسلمیر میں بس حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتی ہوں۔‘‘
حادثے کے وقت 57 مسافر بس میں سوار تھے۔ پوکھرن کے ایم ایل اے پرتاپ پوری کے مطابق، 19 لاشیں بس سے برآمد ہوئیں جبکہ ایک زخمی اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔ کئی لاشیں شناخت سے باہر ہیں، جن کی ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے شناخت کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ بھجن لال شرما نے سانحے کو ’’دل دہلا دینے والا‘‘ قرار دیتے ہوئے ہر متاثرہ خاندان کے لیے پانچ لاکھ روپے معاوضے اور زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان کیا۔ انہوں نے حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم بھی دیا۔



