ریونت ریڈی کا تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن، عالمی حمایت
نئی دہلی میں یو ایس انڈیا اسٹریٹیجک پارٹنرشپ فورم (یو ایس آئی ایس پی ایف) کے سالانہ اجلاس میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا ویژن تلنگانہ رائزنگ 2047 عالمی کاروباری رہنماؤں کی بھرپور حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں تلنگانہ کو سنہ 2034 تک ایک کھرب ڈالر اور 2047 تک تین کھرب ڈالر معیشت بنانے کا ہدف پیش کیا۔
امریکی ٹیکنالوجی لیجنڈ اور سابق سیسکو سی ای او، جان چیمبرز نے ریونت ریڈی کے وژن کو جرأت مندانہ، واضح اور قابلِ عمل قرار دیا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
یو ایس آئی ایس پی ایف کے صدر ڈاکٹر موکیش آگی نے کہا کہ فورم تلنگانہ کے ترقیاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر میں تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں عالمی سرمایہ کار بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
ریونت ریڈی نے کہا، تلنگانہ بھارت کی سب سے متحرک اور کامیاب ریاست ہے۔ حیدرآباد محفوظ، جدید انفراسٹرکچر والا اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں شہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کا فوکس خواتین کو بااختیار بنانے، معیاری تعلیم، شہری ترقی اور حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے پر ہے۔
آخر میں ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ اب حیدرآباد کی سڑکیں سیاسی رہنماؤں کے نہیں بلکہ عالمی کمپنیوں کے نام سے جانی جائیں گی، جیسے گوگل، میٹا، انفوسس کیونکہ یہی قوم کے اصل معمار ہیں۔



