جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں ہریش راؤ کی پوچھ گچھ، صورتحال کشیدہ
حیدرآباد کے جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن میں بی آر ایس پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر ہریش راؤ سے جاری پوچھ گچھ کے دوران ماحول کشیدہ ہو گیا۔ یہ پوچھ گچھ فون ٹیپنگ معاملہ سے متعلق ہے، جس میں گزشتہ چھ گھنٹوں سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، اس دوران وکلاء کو پولیس اسٹیشن کے اندر داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جس پر بی آر ایس کارکنان نے سخت اعتراض کیا اور پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ کارکنان کا کہنا ہے کہ وکلاء کی موجودگی کے بغیر تفتیش غیر منصفانہ ہے۔
وکلاء کو اندر نہ جانے دینے کے باعث پولیس اسٹیشن کے باہر حالات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے۔ صورتحال کی اطلاع ملتے ہی اراکینِ اسمبلی ویمولا پرشانت ریڈی، کوشک ریڈی اور کلوکنتلہ سنجے، تلنگانہ بھون سے روانہ ہو کر جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن پہنچے۔ ان رہنماؤں کی آمد کے بعد پولیس اسٹیشن کے اطراف سکیورٹی بڑھا دی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش قانونی دائرے میں کی جا رہی ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب، بی آر ایس قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ تفتیش کے عمل میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور قانونی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔
اس واقعے کے بعد سیاسی حلقوں میں گرما گرم بحث شروع ہو گئی ہے اور شہر میں اس معاملے پر سیاسی گہما گہمی دیکھی جا رہی ہے۔ عوام کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ یہ معاملہ آگے کس رخ اختیار کرتا ہے۔



