شخصی حیثیت میں جا رہی ہوں، سیاسی طاقت بن کر لوٹوں گی کویتا کا بڑا اعلان
تلنگانہ جاگرتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے ایک اہم سیاسی اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تنظیم جلد ہی ایک سیاسی پارٹی کی شکل اختیار کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس نئے سیاسی سفر میں انہیں دعاؤں اور حمایت سے نوازیں۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کویتا نے واضح کیا کہ تلنگانہ جاگرتی آئندہ انتخابات میں ضرور مقابلہ کرے گی۔
کویتا نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ مستقبل میں ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھریں گی۔ انہوں نے کہا: "میں شخصی حیثیت میں ایوان سے جا رہی ہوں، مگر سیاسی طاقت بن کر واپس آؤں گی”۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی آر ایس ایک سیاسی بحالی مرکز میں تبدیل ہوچکی ہے، جہاں تحریک کے مخالفین کو جگہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایک نیا سیاسی پلیٹ فارم ابھرنے جا رہا ہے، جو طلبہ، بے روزگار نوجوانوں اور تمام طبقات کے لیے آواز بنے گا۔ کویتا نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ تمام بندھن توڑ کر عوام کے لیے میدان میں آ رہی ہیں اور ان سے آشیرواد کی طالب ہیں۔
ایوان سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ان کی پارٹی تحریک کاروں اور شہداء کے خاندانوں کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے بی آر ایس پر بدعنوانی، کسانوں پر مقدمات اور اندرونی بے ضابطگیوں کے سنگین الزامات عائد کیے۔



