تلنگانہحیدرآبادعلاقائی خبریںقومی

کویتھا کی جاگرتی بلدیاتی انتخابات میں فارورڈ بلاک کے نشان پر میدان میں

تلنگانہ جاگرتی کی سربراہ اور سابق رکنِ قانون ساز کونسل کلواکنتلا کویتا نے فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی اور کارپوریشن انتخابات میں ان کی تنظیم آل انڈیا فارورڈ بلاک کے شیر کے انتخابی نشان پر حصہ لے گی۔ ابتدا میں کویتا کا ارادہ تھا کہ امیدواروں کو آزاد حیثیت سے میدان میں اتارا جائے، تاہم بعد میں اس خیال کو ترک کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تلنگانہ جاگرتی اس وقت تشکیل کے مرحلے میں ہے اور الیکشن کمیشن سے باقاعدہ انتخابی نشان حاصل کرنا ابھی باقی ہے۔ اسی وجہ سے جاگرتی کے حامی امیدوار فارورڈ بلاک کے بی فارم کے تحت الیکشن لڑیں گے اور نئی جماعت کے باضابطہ آغاز تک اسی پارٹی کے ساتھ رہیں گے۔

ادھر عادل آباد میونسپلٹی کی سابق چیئرپرسن رنگینی منیشا نے بھارت راشٹرا سمیتی سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دے کر فارورڈ بلاک میں شمولیت اختیار کر لی۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کو ارسال کیا۔ منیشا عادل آباد میونسپلٹی کے تمام انچاس وارڈز میں امیدوار کھڑے کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ چیئرپرسن کا عہدہ خواتین (جنرل) کے لیے مخصوص ہے اور منیشا اس عہدے کی خواہشمند بتائی جا رہی ہیں۔

تلنگانہ جاگرتی کے ذرائع کے مطابق کلواکنتلا کویتا اپنی جماعت کی رجسٹریشن کے عمل میں مصروف ہیں۔ پارٹی کے نام کے لیے مختلف متبادل زیرِ غور ہیں۔ اس سے قبل جاگرتی کے رہنماؤں نے چند گرام پنچایت انتخابات میں حصہ لیا تھا، تاہم خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ اب کویتا بلدیاتی انتخابات میں فارورڈ بلاک کے ذریعے اپنے حامیوں کو میدان میں اتارنے کا منصوبہ بنا رہی ہیں، کیونکہ یہ پارٹی ریاست میں ایک پہچان رکھتی ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button