کے بی سی 17 کا فائنل زندگی کا بڑا حصہ شو کو دینے پر امیتابھ بچن آبدیدہ
بھارت کے مقبول ترین کوئز شو کون بنے گا کروڑ پتی کے سترہویں سیزن کا شاندار اختتام ایک جذباتی لمحے میں بدل گیا، جب شو کے میزبان امیتابھ بچن نے ناظرین سے دل کی باتیں کیں۔ آخری قسط میں امیتابھ بچن نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک تہائی سے زائد حصہ اسی شو کے ساتھ گزارا، جو ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ اس سفر کی شروعات دو ہزار میں ہوئی تھی اور تب سے لے کر آج تک ناظرین کی محبت، اعتماد اور وابستگی نے اس شو کو زندہ رکھا۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ جب وہ ہنستے ہیں تو ناظرین بھی ہنستے ہیں اور جب ان کی آنکھیں نم ہوتی ہیں تو ناظرین کی آنکھیں بھی بھر آتی ہیں۔ ان کے مطابق یہی رشتہ اس پروگرام کی اصل طاقت ہے۔
امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ اگر ناظرین موجود ہیں تو یہ شو موجود ہے، اور اگر یہ شو موجود ہے تو وہ خود بھی موجود ہیں۔ انہوں نے ناظرین کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر ان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔
شو کے اختتام پر ایک رنگا رنگ موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں امیتابھ بچن نے اپنے مشہور گیتوں پر شاندار انداز میں پرفارم کیا اور حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر کامیڈین کیکو شاردہ بھی ہاٹ سیٹ پر موجود رہے، جس سے ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔



