حادثہ بھی نہ روک سکا دلہن زخمی، شادی اسپتال کے بستر پر ہوئی
دل کو چھو لینے والی کہانی کیرالا میں دلہن کے زخمی ہونے کے باوجود شادی اسپتال میں انجام پائی
کیرالا کے علاقے الپّی میں ایک نوجوان جوڑے نے محبت اور ہمت کی بہترین مثال قائم کر دی۔ جمعہ کے روز ان کی شادی کسی سجے ہوئے ہال میں نہیں، بلکہ اسپتال کے کمرے میں انجام پائی، کیونکہ دلہن شادی سے کچھ گھنٹے پہلے ہی ایک حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔
دلہن آوانی بیوٹی پارلر سے واپس آ رہی تھیں کہ تھنیر مُکّم کے قریب ان کی کار کا حادثہ ہو گیا۔ اس واقعے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی کو چوٹ آئی اور ٹانگ میں فریکچر ہوا۔
انہیں پہلے کوٹایم میڈیکل کالج لے جایا گیا، بعد میں حالت کے پیش نظر کوچی کے ایک خانگی اسپتال منتقل کیا گیا۔
شادی دوپہر 12:12 بجے شکتی آڈیٹوریم میں طے تھی، اور مبارک وقت 12:12 سے 12:25 تک کا تھا۔
حادثے کی خبر سے دونوں خاندانوں میں پریشانی پھیل گئی، مگر ڈاکٹروں نے بتایا کہ آوانی کی حالت مستحکم ہے اور جان کو کوئی خطرہ نہیں۔
ایسے میں خاندانوں نے ایک غیر معمولی فیصلہ کیا شادی ملتوی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے طے کیا کہ مبارک وقت ضائع کیے بغیر شادی اسپتال کے کمرے میں ہی انجام دی جائے۔
یوں دلہا–دلہن نے طبی آلات کے درمیان، بستر پر بیٹھے بیٹھے، اپنے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔



