مہاراشٹرا میں شادی میں دلہے پر چاقو حملہ، ڈرون فوٹیج سے سراغ ملا
مہاراشٹرا کے امراوتی ضلع میں شادی کی تقریب اس وقت خوف و دہشت میں بدل گئی جب دلہے پر چاقو سے حملہ کر دیا گیا۔ واقعہ بدنیرا روڈ کے ایک فنکشن ہال میں پیر کی رات ساڑھے نو بجے پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق دلہا سُجل رام سمدرا رقص کے دوران معمولی جھگڑے کے بعد نشانہ بن گیا۔ حملہ آور نے بار بار چاقو سے وار کیے، جس سے دلہا شدید زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے۔
اسی دوران حاضر دماغ ڈرون آپریٹر نے ڈرون کو ان کے تعاقب میں بھیج دیا۔ ڈرون نے تقریباً دو کلومیٹر تک پیچھا کیا اور یہ فوٹیج اب سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرون کی ویڈیو اہم ثبوت بن گئی ہے اور اس کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزموں نے دلہے کے والد پر بھی حملے کی کوشش کی۔ زخمی دلہا کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔



