کے ٹی آر کا کہنا ہے کہ ریوَنت حکومت حیدرآباد کے مسائل پر مناسب توجہ نہیں دے رہی
بھاارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کے کارگزار صدر کے ٹی آر نے ریوَنت ریڈی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے حیدرآباد کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بستی دواخانوں میں بنیادی سہولتیں بھی دستیاب نہیں، حتیٰ کہ ادویات اور تنخواہیں بھی مہینوں سے نہیں دی جا رہیں۔
کے ٹی آر نے خیرت آباد کے ابراہیم نگر بستی دواخانہ اور آنگن واڑی مرکز کا دورہ کیا اور وہاں کے حالات کا جائزہ لیا۔ ان کے مطابق کئی ڈاکٹروں کو چار ماہ سے تنخواہیں نہیں ملتیں، اور ادویات و طبی آلات کی کمی سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کے دور میں عوام، خاص طور پر غریب طبقے کے لیے 450 بستی دواخانے قائم کیے گئے تھے، جہاں مفت علاج اور تشخیصی سہولتیں دستیاب تھیں۔ مگر اب ریوَنت حکومت نے ان مراکز کو غفلت کا شکار بنا دیا ہے۔



